مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد، پی ٹی آئی کا متبادل جگہ فراہم کرنیکا مطالبہ

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست مسترد کر دی۔
پی ٹی آئی کی 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما میاں عثمان اکرم کی درخواست پر سماعت جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مینار پاکستان پر جلسے کی پی ٹی آئی کی درخواست خارج کردی گئی ہے، جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہمیں جلسے کے لیے متبادل جگہ فراہم کر دیں۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ڈپٹی کمشنر سے فوری ہدایت لیکر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا اور کہا ڈپٹی کمشنر سے پوچھیں کہ کیا مینار پاکستان کے سوا کسی جگہ جلسے کی اجازت دے سکتے ہیں؟
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے درخواست پر کارروائی کچھ دیر تک کے لیے ملتوی کردی۔



