مریم نواز کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے پر اقوام متحدہ کا اسکرول آف آنر ایوارڈ مل گیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کا اسکرول آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا۔مریم نواز شریف کو یہ ایوارڈ عمان کے دارالحکومت مسقط میں ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پیش کیا گیا۔ پنجاب حکومت کے مطابق مریم نواز کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے خصوصی دعوت پر مسقط بلایا گیا تھا۔

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کو کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے محفوظ، مناسب اور قابلِ استطاعت رہائش کی فراہمی میں کردار پر عالمی سطح پر منتخب کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کے مطابق دنیا بھر سے موصول ہونے والی نامزدگیوں کے مسابقتی جائزے کے بعد پنجاب کے منصوبے کا انتخاب کیا گیا۔دنیا بھر سے اس سال صرف پانچ منصوبوں کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا، جن میں پنجاب کا ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام بھی شامل ہے۔ میانمار، برازیل، تیونس اور لندن سے بھی اعزاز کے لیے نمائندگی کی گئی۔تقریب کے دوران مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی، جبکہ انہیں شہری ترقی سے متعلق معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔اسکرول آف آنر اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام سے وابستہ اہم عالمی اعزاز ہے، جو سستی اور مناسب رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، شہری تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک دو لاکھ سے زائد خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کے لیے تقریباً 260 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔پاکستان میں اس اعزاز سے قبل 2007 میں زلزلہ تعمیر نو اور بحالی سے متعلق ادارے کو بھی اسکرول آف آنر دیا جاچکا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کے مطابق گزشتہ 37 برس کے دوران تقریباً 200 اعزازات دیے جاچکے ہیں۔



