دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر ہونیکا خدشہ
کراچی: کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔

واٹر کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صبح 6 بجے دھابیجی کے مختلف فیزز میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، جبکہ کے الیکٹرک نے دھابیجی پر بجلی کی بندش کی وجہ کیبل فالٹ قرار دے دی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی کے تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کےتھری پمپ ہاؤس کی بجلی بند ہوگئی، دھابیجی پر بجلی کی بندش کے باعث 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کا بتانا ہے کہ 10 پمپس بند ہونے سے کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی جلد بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، بجلی بحال ہوتے ہی متاثرہ 10 پمپس فوری طور پر فعال کردیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی بحالی کے فوراً بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔
کے الیکٹرک کا بیان:
دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جھاڑیوں میں آگ سےکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کیبلز متاثر ہوئیں، ٹیکنیکل ٹیم واٹر کارپوریشن کی کیبلز میں آگ لگنےکی جگہ پر موجود ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی کی جلد بحالی کے لیے واٹرکارپوریشن سےمسلسل رابطے میں ہے۔



