کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران حملہ، ڈی ایس پی سمیت 8 اہلکار شہید، پولیس

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں پولیس ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی سمیت 8 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے جاری بیان کے مطابق پولیس کی نفری پر تھانہ گمبٹ کی حدود دربوکچ کے علاقے میں حملہ کیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’فتنہ الخوارج‘ نے پولیس نفری پر چھپ کر حملہ کیا۔
ٌپولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گمبٹ میں پولیس ٹیم پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 8 اہلکار شہید ہوئے جب کہ 10 سے زائد زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کوہاٹ کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کے دستے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
اپنے بیان میں ڈی پی او نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد ’خارجی‘ ہلاک ہوئے ہیں جب کہ حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے۔
ادھر ترجمان ریسکیو 1122 جواد آفریدی کے مطابق اب تک 12 پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر لاشیں بھی موجود ہیں۔



