
مغربی افریقی ملک کیپ ورڈی نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ میں کوالیفائی کیا اور رواں ایونٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا میں اپنے نئے مداح بنالیے۔
کیپ ورڈی نے فیفا ورلڈکپ 2026 میں اسپین اور یوراگوئے جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور اپنے پہلے ہی ورلڈکپ میں ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کیا۔
اور پھر ارجنٹینا کے خلاف ناک آؤٹ مقابلے میں کیپ ورڈی کی ٹیم نے میسی کے گول کے بعد واپسی کرتے ہوئے میچ برابر کیا اور اضافی وقت تک لے گئی۔
اگرچہ آخرکار بدقسمت ڈیفلیکشن کے باعث اسے شکست ہوئی اور اس کا ایونٹ میں سفر ختم ہوا لیکن اپنی شاندار کارکردگی سے کیپ ورڈی نے کروڑوں دل جیتے۔
فیفا ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی: کیپ ورڈی کی ٹیم کا وطن واپس پہنچنے پر والہانہ استقبال
فوٹو: ایکس
یہی وجہ ہے کہ کیپ ورڈی کی قومی فٹبال ٹیم کا ورلڈ کپ میں تاریخی کارکردگی کے بعد وطن واپس پہنچنے پر ہزاروں مداحوں نے شاندار استقبال کیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹیم اتوار کے روز دارالحکومت پرایا پہنچی، ائیرپورٹ کے اطراف کا علاقہ جشن گاہ بن گیا، جہاں مداح ڈھول بجاتے، رقص کرتے، نعرے لگاتے اور قومی پرچم لہراتے نظر آئے۔
کیپ ورڈی ٹیم کے 40 سالہ گول کیپر وزینا جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے عالمی توجہ حاصل کی، نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے اور قوم کے لیے بے حد خاص ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ مزید آگے جانا چاہتے تھے، مگر اب اس کامیابی کو اپنے لوگوں کے ساتھ منانا چاہتے ہیں۔
مداحوں نے وزینا اور دیگر کھلاڑیوں، جن میں سینٹر بیک پیکو لوپس بھی شامل ہیں، کے نام کے نعرے لگائے۔ جشن کے دوران کھلاڑیوں نے مداحوں کی جرسیوں پر دستخط بھی کیے۔



