آئی فون 17 پرو میکس دیکھنے میں کیسا ہوگا؟

ایپل کی آئی فون 17 سیریز کو 9 ستمبر کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایپل کے نئے آئی فونز کے حوالے سے متعدد لیکس سامنے آچکی ہیں، یہاں تک کہ ان کے کانسیپٹ ڈیزائن بھی سامنے آچکے ہیں۔
مگر اب ایک نئی لیک میں آئی فون 17 پرو میکس کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
ان ویڈیوز میں ایپل کے نئے فلیگ شپ فون کو ہر زاویے سے دکھایا گیا ہے۔
یہ تو پہلے ہی مختلف لیکس میں بتایا جاچکا ہے کہ آئی فون 17 پرو ماڈلز کے بیک پر کیمرا ڈیزائن ماضی کے ماڈلز سے بالکل مختلف ہوگا۔
خیال رہے کہ 2020 میں آئی فون 11 کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے ایپل کے اسمارٹ فونز کے کیمرا ڈیزائن میں کوئی خاص تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔
نئی لیک ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آئی فون 17 پرو میکس کے بیک پر اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کر دیا گیا ہے اور اس کی جگہ نیا ڈیزائن اپنایا گیا ہے۔
درحقیقت آئی فونز کا بیک کیمرا ڈیزائن کافی حد تک گوگل پکسل فونز کے پل (pill) کیمرا بار جیسا نظر آرہا ہے۔
یہ تو واضح نہیں کہ یہ ویڈیوز کس حد تک مستند ہیں مگر سابقہ لیکس کو مدنظر رکھا جائے تو بظاہر یہ درست نظر آتی ہیں۔
ویڈیو میں یہ فون دیکھنے میں گزشتہ سال کے آئی فون 16 پرو میکس سے کچھ موٹا نظر آ رہا ہے۔
اس کی ممکنہ وجہ فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری کی موجودگی ہے، پہلی بار کسی آئی فون میں اتنی پاور کی بیٹری دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایک اور لیک میں آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔
پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 17 سیریز کے تمام فونز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
مگر اب نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ صرف آئی فون 17 پرو کی قیمت میں 100 ڈالرز کا اضافہ کیا جائے گا۔
اب 128 جی بی کی بجائے 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل صارفین کو دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت 999 ڈالرز کی بجائے 1099 ڈالرز ہوگی۔
دیگر تمام ماڈلز آئی فون 17 اور 17 پرو میکس کی قیمتیں گزشتہ سال کے ماڈلز جتنی ہی ہوں گی۔
آئی فون 17 ائیر کی قیمت 899 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔



