کراچی کے علاقے ملیر میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 88 سےنو منتخب آزاد رکن اعجاز خان سواتی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں اعجاز سواتی کا کہنا ہے کہ حلقے کی عوام، دوستوں اور ترقی و خوشحالی کیلئے پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔
نو منتخب آزاد رکن اعجاز سواتی نے کہا کہ وہ غیر مشروط طور پر پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے حلقے کی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔
اعجاز سواتی پی ایس 88 ملیر سے پی ٹی آئی کی حمایت سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے تھے، اعجاز سواتی کی شمولیت سے سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 86 ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب آزاد رکن کے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا کہ اعجاز خان سواتی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے نام پر حلف لینے والے ہمارے نہیں ہوئے تو کسی اور کے کیا ہوں گے، پیپلز پارٹی کو ایسے لوٹوں کی شمولیت سے گریز کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ نو منتخب آزاد رکن ممتاز جکھرانی پہلے ہی پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔



