وینزویلا کیساتھ ممکنہ جنگ خارج از امکان نہیں، تمام آپشنز میز پر ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے ساتھ جنگ کا امکان خارج از امکان نہیں ہے۔ اور تمام آپشنز میز پر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وینزویلا کے قریب آئل ٹینکروں کی مزید ضبطگیاں کی جائیں گی۔
امریکی صددر سے سوال کیا گیا کہ یہ اقدامات جنگ کا باعث بن سکتے ہیں۔ تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ نے پابندیوں کے تحت وینزویلا سے آنے اور جانے والے آئل ٹینکرز کی ناکہ بندی کا حکم دیا تھا۔ جس سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر دباؤ بڑھ گیا۔
امریکی انتظامیہ نے حال ہی میں وینزویلا کے قریب پکڑے گئے ایک تیل بردار جہاز کو بھی قبضے میں لے لیا۔ ٹرمپ کی مہم کے نتیجے میں اب تک 28 کشتیوں پر حملے ہو چکے ہیں۔ جن میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ حملوں میں ایک ڈبل ٹیپ اسٹرائیک بھی شامل ہے۔ جسے اس وقت کانگریس کی جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔



