بلوچستان
کوئٹہ: 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ، بلوچستان کانسٹیبلری کا اہم اجلاس

کوئٹہ: 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ، بلوچستان کانسٹیبلری کا اہم اجلاس
کوئٹہ: بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر بدر لائن میں 12 ربیع الاول 2025ء کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی پی/کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز، زونل کمانڈر X-IV، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد اللہ سمیت بلوچستان کانسٹیبلری کے آؤٹ زونز کے زونل کمانڈرز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی آغا محمد یوسف نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہم سب مسلمانوں کے لیے بے حد اہمیت کا دن ہے جسے یوم ولادتِ نبی کریم ﷺ کے طور پر عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شرپسند عناصر ایسے مواقع پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے رہے ہیں جن سے امن و امان کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
"ایک منظم فورس ہونے کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ شہادت ہمارا نصب العین ہے”، انہوں نے کہا۔
آغا محمد یوسف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے خصوصاً پاک-چین تعاون سے چلنے والے پراجیکٹس صوبے کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا ان منصوبوں پر کام کرنے والے ملکی و غیر ملکی ماہرین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ تمام زونل کمانڈرز جوانوں کی سالانہ چھٹیوں کا چارٹ تیار کر کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کریں تاکہ شفافیت قائم رہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جوانوں کی حاضری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے واضح کیا کہ لائنز کی سیکورٹی کو مزید سخت بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے عمل کو بھی شفاف انداز میں انجام دینے کی ہدایت دی تاکہ کسی قسم کی شکایت جنم نہ لے۔



