
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سریاب لنک شاہوانی روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان نے پلاسٹک گودام کے چوکیدار اور اُس کے دوست کو بے دردی سے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا جب نامعلوم افراد نے 22 سالہ چوکیدار ضیاءالرحمن اور اُس کے دوست شاہد گل کو گودام میں داخل ہوکر پہلے باندھا اور بعدازاں تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کردیا۔ دونوں مقتولین کی لاشیں رات گئے اطلاع ملنے پر پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول ضیاءالرحمن کا تعلق لورالائی جبکہ اُس کے دوست شاہد گل کا تعلق لکی مروت سے تھا۔ ضیاءالرحمن مقامی پلاسٹک گودام میں چوکیدار کے طور پر ملازم تھا اور اُس کے ساتھ اکثر شاہد گل بھی گودام میں رات گزارتا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور تحقیقاتی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، شواہد اکٹھے کیے گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم پولیس نے واقعہ کو ذاتی دشمنی یا ڈکیتی کی واردات کے زاویوں سے بھی دیکھنا شروع کردیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد فرانزک لیب بھیج دیے گئے ہیں۔
شہریوں نے اس دلخراش واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



