انٹرنیشنل

برطانیہ: ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین شدید بیمار، ہسپتال میں داخل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین شدید علیل اور لندن کے ہسپتال میں داخل ہیں، جہاں ان کےمختلف ٹیسٹ کئے گئے۔

واضح رہے کہ الطاف حسین ایم کیو ایم کے بانی ہیں، جسے پہلے مہاجر قومی موومنٹ کے نام سے جانا جاتا تھا، انہوں نے اردو بولنے والوں کی نمائندگی کے لیے ایک سیاسی جماعت کا آغاز کیا، الطاف حسین اس وقت لندن میں مقیم ہیں، جہاں وہ 1992 سے خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں، بعد ازاں انہیں برطانوی شہریت مل گئی تھی، لندن سے الطاف حسین نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا، وہ باقاعدگی سے کراچی میں اپنے کارکنان سے خطاب کرتے تھے۔

لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ’ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کو شدید علالت کے باعث لندن کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں‘۔

انہوں نے عوام سے ایم کیو ایم کے بانی کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔

دریں اثنا، ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی طبیعت گزشتہ رات بگڑی اور ڈاکٹر کے معائنے اور سفارش پر انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا، ڈاکٹروں نے مختلف ٹیسٹ کروائے۔

ڈان ڈاٹ کام کے ساتھ گفتگو میں مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین زیر علاج ہیں اور ’امید ہے کہ یہ کوئی پریشانی والی بات نہیں ہے‘۔

یاد رہے کہ الطاف حسین فروری 2021 میں بظاہر کووڈ 19 سے متاثر ہونے کے بعد برطانیہ کے ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج رہے تھے۔

17 ستمبر 1953 کو کراچی میں پیدا ہونے والے الطاف حسین نے اپنی ابتدائی تعلیم شہر قائد کے عزیز آباد محلے کے ایک سرکاری اسکول میں حاصل کی، جو کراچی میں ایک متوسط علاقہ ہے، بعد ازاں، انہوں نے فارمیسی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے جامعہ کراچی میں داخلہ لیا اور 1979 میں اس پروگرام سے گریجویشن کیا۔

ان کے سیاسی کیرئیر کا آغاز کراچی یونیورسٹی میں طالب علمی کے زمانے میں ہوا، جب انہوں نے عظیم احمد طارق کے ساتھ مل کر آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کی بنیاد رکھی۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker