چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشادکی صدر اور وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں

اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر مملکت اور وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔
صدر مملکت نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی دفاع کے لیے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی خدمات کو سراہا۔
صدر مملکت کی جانب سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔
خیال رہےکہ 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کردیا گیا ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر 2025 کو اپنی ملازمت کی مقررہ مدت پوری کرنےکے بعد ریٹائر ہو جائیں گے اور ان کے بعد کوئی چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی نامزد نہیں کیا جائے گا۔



