نادرا نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کردیا

اسلام آباد : نادرا نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کردیا اور کہا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر Comments میں ٹریکنگ آئی ڈی ہرگز شیئر نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے ایک بار پھر عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات صرف نادرا کی سرکاری "پاک آئی ڈی” موبائل ایپ پر فراہم کریں اور کسی غیر متعلقہ ویب سائٹ یا ایپلی کیشن پر ہرگز شیئر نہ کریں۔
نادرا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اپنی ٹریکنگ آئی ڈی یا ذاتی معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے کمنٹس سیکشن میں ہرگز شیئر نہ کریں۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کی نجی اور دفاعی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے کیونکہ بعض جعلی ویب سائٹس اور موبائل ایپس نادرا کے نام پر شہریوں سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جن سے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔
نادرا نے واضح کیا کہ "پاک آئی ڈی” ہی واحد محفوظ پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے دیگر اہم خدمات سمیت قومی شناختی کارڈ (CNIC) بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان نادرا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کمنٹس کے ذریعے ٹریکنگ آئی ڈی کا اسٹیٹس فراہم نہیں کیا جاتا، شہری اپنی معلومات کے تحفظ کے لیے صرف محفوظ اور منظور شدہ ذرائع کا استعمال کریں تاکہ کسی قسم کے دھوکے یا غلط استعمال سے بچا جا سکے۔
خیال رہے ادارے نے حال ہی میں "پاک آئی ڈی” کا نیا اور جدید ورژن متعارف کرایا ہے، جس میں متعدد نئی سہولیات اور فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ شہری زیادہ آسانی کے ساتھ آن لائن شناختی خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔



