صحت

اچھی صحت کیلئے ہر ہفتے کتنے قدم چلنا بہترین ہوتا ہے؟

روزانہ ورزش کرنے یا جم جانے کے لیے وقت نہیں؟ تو فکر مند مت ہوں صحت مند رہنے کے لیے آپ کو ہر ہفتے آپ کو صرف تھوڑا وقت نکال کر چلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

درحقیقت ہفتے میں محض ایک یا 2 دن کم از کم 4 ہزار قدم چلنے سے ہی امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوسکتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ضروری نہیں کہ آپ روزانہ 7 سے 10 ہزار قدم چلنے کی کوشش کریں۔

درحقیقت اگر ایک ہفتے میں آپ ایک یا 2 دن بھی چند ہزار قدم چلتے ہیں تو امراض قلب سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد خواتین کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 71 سال تھی۔

2011 سے 2015 کے درمیان مسلسل 7 دن تک ان خواتین کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا ٹریکر کے ذریعے اکٹھا کیا گیا اور پھر ان کی صحت کا جائزہ لگ بھگ 11 سال تک لیا گیا۔

تحقیق کے آغاز پر یہ سب خواتین امراض قلب اور کینسر سے محفوظ تھیں۔

11 سال کے دوران 1765 خواتین کا امراض قلب کے باعث انتقال ہوا جبکہ 781 میں ان امراض کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر ہفتے ایک یا 2 دن 4 ہزار قدم چلنے والی خواتین میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 26 فیصد جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک گھٹ گیا۔

جن خواتین نے ہفتے میں 3 دن اتنے قدم چلنے کی ہمت کی، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 40 فیصد جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہوگیا۔

تحقیق کے مطابق اسی طرح ہفتے میں 3 یا اس سے زائد دنوں تک 5 سے 7 ہزار قدم چلنے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 32 فیصد اور امراض قلب سے موت کا خطرہ 16 فیصد تک گھٹ گیا۔

محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں صرف مشاہدہ کیا گیا مگر وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ محض ایک ہفتے کی جسمانی سرگرمیوں کا تجزیہ کیا گیا اور زیادہ طویل عرصے سے صحت پر مرتب اثرات کا مشاہدہ نہیں کیا گیا۔

البتہ ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ روزانہ 10 ہزار قدم چلنے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک یا 2 دن تک چند ہزار قدم چلنے سے بھی جان لیوا امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

اس سے قبل اگست 2025 میں امریکا کے Vanderbilt یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کم از کم 15 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی سے بھی صحت کو اتنا ہی فائدہ ہوتا ہے جتنا ہر ہفتے 150 منٹ تک معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں سے ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ طبی اداروں کی جانب سے لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صحت مند رہنے کے لیے ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک ورزش یا دیگر جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنائیں۔

مگر اس تحقیق کے مطابق 150 منٹ تک ورزش کرنا مشکل ہے تو روزانہ کم از کم 15 منٹ تک تیز رفتاری سے چلنا بھی صحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ سست روی سے چلنے کے مقابلے میں تیز رفتاری سے چہل قدمی صحت کے لیے زیادہ بہتر ہوتی ہے مگر اس حوالے سے زیادہ تحقیق نہیں ہوئی کہ اوسطاً کتنے وقت تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنی چاہیے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ کم از کم 15 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کرتے ہیں، ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ لگ بھگ 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے جبکہ روزانہ 3 گھنٹے تک سست روی سے چلنے والوں میں یہ خطرہ محض 4 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق چہل قدمی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے کیونکہ اس سے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے، بلڈ شوگر کی سطح کم ہوتی ہے، کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے، جوڑوں کی تکلیف کم ہوتی ہے جبکہ مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker