سونی نے نیا ایف ایکس 5 کیمرا متعارف کرا دیا
جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سونی نے اپنی کمپیکٹ سنیما کیمرا سیریز میں نیا ایف ایکس 5 متعارف کرا دیا۔

نیا کیمرا 16.6 میگا پکسل فل فریم اسٹیکڈ ایکسمور آر ایس سی ایم او ایس سینسر اور بی آئی او این زیڈ ایکس آر 2 پروسیسر سے لیس ہے، جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی پروسیسنگ بھی شامل ہے۔
ایف ایکس 5 فی الحال 5K ریزولوشن میں 60 فریم فی سیکنڈ اور 4K میں 120 فریم فی سیکنڈ تک ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ آئندہ فرم ویئر اپ ڈیٹ کے بعد 5K میں 120 اور 4K میں 240 فریم فی سیکنڈ ریکارڈنگ بھی ممکن ہوگی۔
کیمرا اوپن گیٹ ریکارڈنگ کو سپورٹ کرتا ہے، جس کے ذریعے سینسر کی مکمل چوڑائی اور اونچائی استعمال کرتے ہوئے 3:2 فارمیٹ میں ویڈیو ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ یہ خصوصیت خاص طور پر سوشل میڈیا کے لیے عمودی ویڈیوز بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
سونی نے پہلی بار اپنی ایف ایکس سیریز میں 16 بِٹ لینیئر را ویڈیو کی اندرونی ریکارڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی ہے، جس کے لیے بیرونی ریکارڈر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کیمرا کمپنی کے ایکس او سی این فارمیٹ کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔
ایف ایکس 5 سونی کی ایف ایکس سیریز کا پہلا کیمرا ہے جس میں ڈوئل گین شوٹنگ ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے، جو بہتر ڈائنامک رینج اور کم نوائز فراہم کرتی ہے۔
کم روشنی میں بہتر کارکردگی کے لیے کیمرے میں آئی ایس او 800، 4000 اور 12800 کے تین بنیادی آئی ایس او لیولز دیے گئے ہیں، جبکہ کمپنی کے مطابق ایف ایکس 5 پندرہ سے زائد اسٹاپس ڈائنامک رینج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سونی نے تاحال ایف ایکس 5 کی قیمت اور مختلف مارکیٹس میں دستیابی کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔



