انٹرنیشنل

اسرائیلی صدر نے اپوزیشن رہنما آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانےکی باضابطہ دعوت دے دی

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانےکی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔

سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ وزیر اعظم نیتن یاہو کے سب سے مضبوط سیاسی حریف ہیں، ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے 28 روز کی مہلت ہے تاہم ضرورت پڑنے پر اسرائیلی صدر کی جانب سے انہیں مزید 14 دن مل سکتے ہیں۔

اگر وہ حکومت بنانے میں ناکام رہے تو نیتن یاہو کو دوبارہ حکومت تشکیل دینے کا موقع دیا جاسکتا ہے۔اگر نیتن یاہو بھی ایسا کرنے میں ناکام رہے تو اسرائیل میں اگلے سال موسم بہار کے آغاز میں دوبارہ انتخابات کرانا پڑسکتے ہیں۔

وزارت عظمیٰ بچانے کی کوششیں، نیتن یاہو نے اسرائیل کی نئی ممکنہ حکومت کو سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیدیا

اسرائیلی میڈیا کے مطابق گادی آئزنکوٹ کو حکومت بنانےکے لیے ممکنہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ پیچیدہ مذاکرات شروع کرنا ہوں گے۔

صدر کی جانب سے آئزنکوٹ کو حکومت سازی کی دعوت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لازماً اگلے وزیراعظم بن جائیں گے، تاہم اسرائیلی صدر کا یہ فیصلہ نیتن یاہو کے لیے ایک اور سیاسی دھچکا ہے کیونکہ انتخابات میں وہ پارلیمانی اکثریت کھو چکے ہیں۔

خیال رہےکہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں نہ تو نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو اور نہ ہی آئزنکوٹ کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل ہوئی۔

120 ارکان پر مشتمل اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 61 نشستوں کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ انتخابات میں نہ نیتن یاہو اور نہ ہی آئزنکوٹ یہ تعداد حاصل کرسکے۔

نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد کی نشستیں کم ہوکر صرف 53 رہ گئیں جب کہ آئزنکوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد نے 48 نشستیں حاصل کیں۔ باقی 19 نشستیں عرب قیادت والی جماعتوں کے حصے میں آئیں۔

اسرائیل میں احتجاج، عوام کا اپوزیشن لیڈر سے عرب جماعتوں کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کرنے کا مطالبہ

حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی جماعتوں میں عرب قیادت والی سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں، جو انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد اہم سیاسی حیثیت اختیار کرچکی ہیں۔ تاہم نیتن یاہو اور ان کے اتحادی مسلسل ان جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker