کوئٹہ میں غیر قانونی اور بغیر کمپیوٹرائز نمبر پلیٹ رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد رکشے بند

کوئٹہ میں غیر قانونی اور بغیر کمپیوٹرائز نمبر پلیٹ رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد رکشے بند
کوئٹہ، 09 نومبر :سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ شیردل خان بلوچ اور ایس پی ٹریفک صدر سرکل عاصم شاہ کی نگرانی میں آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سی پیک چوک اسپنی روڈ پر خصوصی کارروائی کرتے ہوئے 07 غیر قانونی رکشوں کو تحویل میں لے کر بند کر دیا۔کارروائی کے دوران رکشوں کے کاغذات، رجسٹریشن اور کمپیوٹرائز نمبر پلیٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری اور عوام کی سہولت کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کوئٹہ شہر میں بغیر روٹ پرمٹ، جعلی دستاویزات یا غیر معیاری رکشے نہ صرف ٹریفک نظام میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں بلکہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے رکشہ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام قانونی دستاویزات مکمل رکھیں، رکشوں کی رجسٹریشن ، روٹ پرمٹ ، کمپیوٹرائز نمبر پلیٹ اور فٹنس کو یقینی بنائیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ رکشوں کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں دو نمبر اور جعلی دستاویزات پر رکشہ چلانے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



