Quetta

کوئٹہ: نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کابل جان ہوٹل کے مالک اور ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی جاں بحق

کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شہر کے معروف ریسٹورنٹ 'کابل جان' کے مالک محمد ہاشم نورزئی کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ہفتہ کی علی الصبح تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں کچلاک بائی پاس عثمانیہ ہوٹل کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ہاشم نورزئی وزیر آباد کچلاک کے رہائشی تھے وہ اپنے گھر سے اکیلے اپنی ذاتی ویگو گاڑی میں شہر کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کی ویگو گاڑی پر متعدد گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق پولیس کم از کم ایک گھنٹے کی تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچی اس وقت تک محمد ہاشم نورزئی دم توڑ چکے تھے اور ان کی لاش ان کے ایک دوست نے سول ہسپتال پہنچائی۔
سول ہسپتال میں لاش کا معائنہ کرنے والے ایک ڈاکٹر کے مطابق محمد ہاشم نورزئی کو تین گولیاں لگی تھیں جن میں ایک سر پر جبکہ دو بازوؤں پر لگیں۔ ڈاکٹر کے مطابق سر پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی اور ان کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔
ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ ورثاء نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
محمد ہاشم نورزئی کوئٹہ کے معروف تاجروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں ایئرپورٹ روڈ پر ‘کابل جان’ ریسٹورنٹ قائم کیا تھا جو مختصر عرصے میں شہر کے معروف ریسٹورنٹس میں شامل ہوگیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker