کوئٹہ: نواں کلی میں مبینہ ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے کی اطلاعات
کوئٹہ کے علاقے نواں کلی سے بعض شہریوں کی جانب سے ایسی شکایات سامنے آئی ہیں کہ ایک مبینہ گروہ نوجوانوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے اپنے جال میں پھنساتا ہے۔

تفصیل کے مطابق بعض خواتین لفٹ لینے، ہسپتال جانے یا دیگر ہنگامی ضرورت کا بہانہ بنا کر نوجوانوں کو گاڑی روکنے پر آمادہ کرتی ہیں۔ الزام ہے کہ گاڑی رکنے کے بعد چند افراد موقع پر پہنچ کر نوجوان کو ایک مکان میں لے جاتے ہیں، جہاں اسے یرغمال بنا لیا جاتا ہے۔
شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں پولیس کو اطلاع دے کر یہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوان غیر قانونی طور پر گھر میں داخل ہوا تھا، جبکہ بعد میں معاملہ رفع دفع کرنے یا صلح نامے کے نام پر بھاری رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
متاثرہ افراد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان شکایات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر ان الزامات میں صداقت پائی جائے تو ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اجنبی افراد کی درخواست پر غیر ضروری طور پر سنسان مقامات یا نامعلوم گھروں تک جانے سے گریز کریں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ پولیس یا امدادی اداروں سے رابطہ کریں۔



