عالمی مارکیٹ میں تیزی کا اثر، پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعے کے روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 900 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 336 روپے ہوگئی ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 914 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 94 ہزار 663 روپے ہوگئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 69 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد فی اونس سونا 4ہزار 378 ڈالر کا ہوگیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کے بعد سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے سیشن میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے سونا رواں ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس اضافے کی ایک بڑی وجہ خام تیل کی مارکیٹ میں مندی ہے۔
عالمی سرمایہ کار ایک جانب توانائی کی عالمی منڈیوں کا جائزہ لے رہے ہیں تو دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کے تنازع اور عالمی سینٹرل بینکس کی جانب سے شرح سود میں کیے جانے والے اضافے کے اثرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی فیڈرل ریزرو نے بھی بدھ کے روز شرح سود میں اضافہ کیا اور آئندہ مہینوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا ہے۔ عام طور پر سونے کو مہنگائی کے خلاف ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق شرح سود میں اضافے سے اس کی کشش متاثر ہو سکتی ہے۔



