محض 3 منٹ کی اس ورزش سے آپ امراض قلب کا خطرہ کم کرسکتے ہیں
کیا آپ اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور خود کو دائمی امراض سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں؟ تو 3 منٹ کی اس ورزش کو عادت بنالیں۔

جی ہاں محض 3 منٹ کی سخت ورزش جیسے دوڑنے سے مجموعی صحت کو 90 منٹ تک کی جانے والی معتدل ورزش سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
راک فیلر یونیورسٹی کی تحقیق میں 20 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
ان افراد کو پہلے 30 سیکنڈ تک دوڑنے کے لیے کہا گیا جبکہ اس کے بعد 23 منٹ کی معتدل ورزش کرائی گئی۔
بعد ازاں خون کے نمونوں کا تجزیہ کرکے دونوں جسمانی سرگرمیوں کے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ 3 منٹ تک دوڑنے سے مسلز، جگر، آنتوں، مدافعتی نظام اور اعضا کو 90 منٹ تک ورزش کرنے کے مقابلے میں زیادہ فائدہ ہوا۔
ایسے افراد کے خون میں ایسے مالیکیولرز کی سطح بڑھ گئی جو صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں جبکہ طویل ورزش کرنے والوں کے خون میں ان مالیکیولز کی سطح زیادہ نہیں بڑھی۔
محققین نے بتایا کہ چند منٹ کی سخت ورزش سے جسم کے اندر نمایاں مالیکیولر ردعمل متحرک ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم 8 ہفتوں کے بعد بھی اس اثر کو دیکھ سکتے ہیں جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ جسمانی ردعمل طویل المعیاد ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران محققین نے ورزش سے قبل، اس کے دوران، اس کے فوری بعد اور 3 گھنٹوں بعد خون کے نمونے حاصل کیے۔
ان نمونوں سے معلوم ہوا کہ چند منٹ کی سخت ورزش سے 700 سے زائد ایسے پروٹینز کی سطح بڑھ گئی جو دل کی شریانوں سے جڑے امراض اور میٹابولک امراض کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
مگر ایسے صرف 7 پروٹینز کی تبدیلی کو طویل ورزش کرنے والے افراد کے خون میں دریافت کیا گیا۔
محققین کے مطابق ورزش سے جسم میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں مگر ہر ورزش کے اثرات مختلف ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ ورزش سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں مگر پہلے یہ علم نہیں تھا کہ ورزش سے قبل اور بعد میں مختلف اعضا پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔



