
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ میانمار کے ساحل کے قریب دو بڑی کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہے کہ حالیہ دنوں میں میانمار کے ساحل کے قریب 2 کشتیوں کے الٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں 500 سے زائد افراد سوار تھے۔
بیان کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی جنگ سے متاثرہ ریاست راکھائن سے روانہ ہوئی تھیں جن میں سوار زیادہ تر مسافر ملک کی اقلیتی مسلم روہنگیا برادری سے تعلق رکھتے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ کچھ افراد بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے کیمپوں سے بھی روانہ ہوئے تھے جہاں راکھائن سے ہجرت کرنے والے 10 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین انتہائی خراب حالات میں رہ رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک کشتی جس میں تقریباً 250 افراد سوار تھے روانگی کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گئی جبکہ دوسری کشتی جس میں تقریباً 280 افراد سوار تھے 8 جولائی کو میانمار کے ایئیرواڈی ساحل کے قریب ڈوبنے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے اداروں نے کہا کہ ان واقعات اور ہلاکتوں کے اعداد و شمار کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
بیان میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ یہ سفر ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب سمندری حالات عموماً زیادہ خطرناک ہوتے ہیں جبکہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب نے خطرات کو مزید بڑھا دیا ہے۔



