سائنس اور ٹیکنالوجی

موبائل چارج کرتے وقت یہ 5 غلطیاں ہرگز نہ کریں

موبائل چارج کرتے وقت ہم میں سے اکثر لوگ کچھ ایسی چھوٹی موٹی غلطیاں کر بیٹھتے ہیں جن سے ہمارے مہنگے فونز کی بیٹری جلدی خراب ہو سکتی ہے۔

اکثر لوگ اس بات کا خاص خیال رکھتے ہیں کہ ان کے فون کی بیٹری ختم نہ ہو۔ بیٹری کم ہوتے ہی چارجر تلاش کیا جاتا ہے، لیکن بہت کم لوگ اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ فون چارج کرنے کا طریقہ بھی اس کی بیٹری اور مجموعی کارکردگی پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فون کو چارج کرنا جتنا ضروری ہے، اتنی ہی اہمیت اس بات کی بھی ہے کہ اسے کس طریقے سے چارج کیا جا رہا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ فون کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے آپ کو ہر پانچ منٹ بعد بیٹری کا فیصد چیک کرنے کی ضرورت نہیں ہے، بس چند عام عادتیں بدلنے کی ضرورت ہے۔

سستی اور غیر معیاری چارجر کا استعمال

بہت سے لوگ اصل چارجر خراب ہونے یا گم ہوجانے پر بازار سے کم قیمت والا چارجر خرید لیتے ہیں۔ بظاہر یہ پیسے بچانے کا آسان طریقہ لگتا ہے، لیکن غیر معیاری چارجر میں بجلی کے اتار چڑھاؤ اور زیادہ کرنٹ سے بچاؤ کے ضروری حفاظتی نظام موجود نہیں ہوتے۔

ایسے چارجر استعمال کرنے سے فون زیادہ گرم ہوسکتا ہے اور بجلی سے متعلق خرابیوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ موبائل بنانے والی کمپنی کا منظور شدہ یا معیاری سرٹیفکیشن رکھنے والا اور فون کے مطابق چارجر استعمال کیا جائے۔

تکیے کے نیچے موبائل رکھ کر چارج کرنا

کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ رات کو سونے سے پہلے موبائل چارجنگ پر لگا کر تکیے کے قریب یا بعض اوقات اس کے نیچے رکھ دیتے ہیں۔ ایسا کرنے سے فون کی گرمی باہر نہیں نکل پاتی کیونکہ تکیہ، کمبل اور بستر حرارت کو اپنے اندر روک لیتے ہیں۔

چارجنگ کے دوران موبائل میں معمولی گرمی پیدا ہونا عام بات ہے، لیکن اگر یہ گرمی باہر نہ نکل سکے تو فون کا درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے موبائل فون کو ہمیشہ کسی سخت اور ہوادار جگہ پر چارج کرنا چاہیے۔

چارجنگ کے دوران بھاری گیمز کھیلنا

تیسری غلطی چارجنگ کے دوران بھاری بھرکم گیمز کھیلنا ہے۔ فون چارج ہوتے وقت ویسے ہی گرم ہوتا ہے اور اگر اس دوران بڑی گیمز کھیلی جائیں یا ویڈیوز ریکارڈ کی جائیں تو فون مزید گرم ہو جاتا ہے۔ بار بار اس طرح کے دباؤ سے بیٹری جلدی کمزور ہو جاتی ہے، اس لیے چارجنگ کے دوران فون کو تھوڑا آرام دینا چاہیے۔

خراب چارجنگ کیبل استعمال کرتے رہنا

وہ کیبل جسے کسی خاص زاویے پر موڑنے کے بعد ہی چارجنگ شروع ہوتی ہے، دراصل خطرے کی علامت ہے۔ لوگ پیسے بچانے کے لیے ٹوٹی ہوئی تاریں استعمال کرتے رہتے ہیں، حالانکہ یہ بجلی کے جھٹکے یا حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ خراب کیبل کو فوراً بدل دینا چاہیے۔

شدید گرمی میں موبائل چارج کرنا

گرمی کے موسم میں موبائل کو براہ راست دھوپ میں رکھ کر چارج کرنا بھی ایک عام غلطی ہے۔ خاص طور پر گاڑی کو دھوپ میں پارک کرنے کے بعد اس کے اندر موبائل چارجنگ پر چھوڑ دینا بیٹری کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

اسمارٹ فونز میں درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے کے لیے حفاظتی نظام موجود ہوتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں مسلسل شدید گرمی میں رکھا جائے۔ زیادہ درجہ حرارت لیتھیم آئن بیٹری کی کارکردگی متاثر کرنے کے ساتھ اس کی عمر بھی کم کرسکتا ہے۔

اس لیے چارجنگ کے دوران موبائل کو براہ راست دھوپ، گرم سطحوں اور دیگر حرارت پیدا کرنے والی چیزوں سے دور رکھنا چاہیے۔

موبائل فون کی بیٹری کو بہتر حالت میں رکھنے کے لیے صرف چارجنگ کا دورانیہ ہی نہیں بلکہ چارجر کا معیار، جگہ اور فون کا درجہ حرارت بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ روزمرہ کی ان چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے بیٹری کو غیر ضروری نقصان سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker