بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کے لیے اہم خبر آگئی
تھرپارکر : چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں آئندہ قسط 6 بینکوں کے ذریعے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر ضلع تھرپارکر کا دورہ کیا،۔
جہاں انہوں نے قحط سے متاثرہ غریب اور مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے اور پاورٹی اسکور میں رعایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ تھرپارکر کو قحط زدہ قرار دینے کے بعد متاثرہ مستحق خاندانوں کو پروگرام سے مالی امداد دی جائے گی اور نئے خاندانوں کو بھی اس ریلیف پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے تاکید کی کہ غریبوں کے امدادی پروگرام پر سیاست نہ کی جائے۔
روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ فی الوقت 32 پاورٹی اسکور والے خاندان بی آئی ایس پی میں شامل ہیں، تاہم قحط کے پیشِ نظر 45 سے 50 پاورٹی اسکور والے خاندانوں کو بھی امداد میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ عملے کی کمی دور کرنے کے لیے مزید افراد ڈیپوٹیشن پر تعنیات کیے جائیں گے اور دور دراز علاقوں کی مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے لیے موبائل وینز بھیجی جائیں گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ خواتین کو رقم کی شفاف اور بلا تعطل فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے، ملک بھر میں 93 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل اکاؤنٹس فعال ہو چکے ہیں، اور آئندہ قسط 6 بینکوں کے ذریعے براہِ راست ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اوت جلد دیگر بینکوں کو بھی شامل کیا جائے گا تا کہ خواتین کو رقم کی وصولی میں مزید سہولت ملے۔
چیئرپرسن کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 1 کروڑ 2 لاکھ خاندان بی آئی ایس پی سے مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کے تقریباً 5 کروڑ افراد اس فلاحی پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔



