ناشتے میں اس غذا کا استعمال بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے مفید
اگر آپ نظام ہاضمہ کو درست اور بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں تو ناشتے میں دہی کا استعمال عادت بنالیں۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل سائنس ڈائریکٹ میں شائع تحقیق مین بتایا گیا کہ پروٹین سے بھرپور دہی میں صحت کے لیے مفید پروبائیوٹیکس بھی موجود ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 303 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا جو ذیابیطس سے محفوظ تھے۔
ان افراد کو 84 دن تک روزانہ ہر صبح ناشتے میں 200 گرام سادہ دہی (چینی کے بغیر) کا استعمال کرایا گیا جس کے ساتھ ان کی میٹابولک صحت میں آنے والی تبدیلیوں کا تجزیہ بھی کیا گیا۔
اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کے بلڈ گلوکوز کی سطح کو بھی مسلسل مانیٹر کیا گیا تاکہ طویل المعیاد بنیادوں پر میٹابولک صحت کا اندازہ ہوسکے۔
محققین نے ان افراد کے فضلے کے نمونے بھی تحقیق سے قبل اور بعد میں اکٹھے کیے اور معدے میں موجود بیکٹیریا کے اجتماع میں آنے والی تبدیلیوں کا تجزیہ کیا۔
محققین نے دریافت کیا کہ تحقیق کے دوران ان افراد کے بلڈ شوگر کی سطح میں مستحکم کمی آئی۔
اس کے ساتھ ساتھ محققین نے میٹابولک صحت میں بھی بہتری کو ریکارڈ کیا۔
محققین کے مطابق ان افراد کی معدے کی صحت بھی بہتر ہوئی اور ہاضمہ زیادہ بہتر کام کرنے لگا جس کے نتیجے میں بلڈ شوگر کی سطح زیادہ مستحکم اور کنٹرول میں رہنے لگی۔
انہوں نے بتایا کہ معدے میں موجود بیکٹیریا کے اجتماع میں مثبت تبدیلیاں آئیں جن سے میٹابولک صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔
البتہ محققین یہ بتانے سے قاصر رہے کہ آخر دہی کے استعمال سے بلڈ شوگر کی سطح بہتر کیوں ہوتی ہے مگر ان کے خیال میں اس کی وجہ دہی میں موجود صحت کے لیے مفید زندہ بیکٹیریا ہوسکتے ہیں۔
معدے میں صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی تعداد میں اضافے سے انسولین کی حساست بہتر ہوتی ہے، ورم گھٹ جاتا ہے جبکہ میٹابولک افعال بہتر ہوتے ہیں۔



