اجنبی سیاح کی تصویر کھینچنےکی درخواست نے دہائیوں سے بچھڑے رشتے داروں کو آپس میں ملا دیا

اگر کوئی اجنبی سیاح آپ سے تصویر لینے کی درخواست کرے اور پھر رسمی بات چیت کے دوران انکشاف ہو، یہ تو آپ کا برسوں سے بچھڑا ہوا رشتے دار ہے تو پھر؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین میں ایک شخص کے ساتھ واقعی ایسا ہوا جو کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔
چینی شہر شنگھائی سے تعلق رکھنے والے چِن جائی نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
جولائی 2026 کے شروع میں دفتری تعطیلات کے دوران چِن جائی نے صوبہ یوننان کی مشہور جھیل Lugu کی سیر کا فیصلہ کیا۔
9 جولائی کو وہ اس جھیل پر سورج غروب ہونے کا نظارہ کر رہے تھے جب تائیوان سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے درخواست کی کہ وہ ایک تصویر کھینچ دیں۔
تصویر کھینچنے کے بعد دونوں کے درمیان گفتگو ہوئی تو چِن جائی کو علم ہوا کہ ویسے تو سیاح کا تعلق تائیوان کے علاقے Kaohsiung سے ہے مگر اس کا آبائی گھر صوبہ Zhejiang کے ایک چھوٹے قصبے Puyuan میں ہے۔
اس نے چِن جائی کو بھی پرجوش کر دیا کیونکہ ان کا تعلق بھی Puyuan سے ہے اور دونوں نے اکٹھے تصویر بھی کھینچی۔
اسی طرح چِن جائی نے یہ بھی دریافت کیا کہ سیاح کا خاندانی نام Fei ہے۔
اس سے چِن جائی کو لگا کہ وہ دونوں رشتے دار ہیں اور انہوں نے اپنے والد سے رابطہ کیا، جنہوں نے کہا کہ وہ Fei سے پوچھیں کہ کیا اس کے والد کا نام Fei Yunfeng تو نہیں۔
اجنبی سیاح کی تصویر کھینچنےکی درخواست نے دہائیوں سے بچھڑے رشتے داروں کو آپس میں ملا دیا
چِن اور Fei کی تصویر / سوشل میڈیا فوٹو
Fei نے اس کا جواب اثبات میں دیا اور مزید تفصیلات کا تبادلہ ہوا تو تصدیق ہوگئی کہ Fei چِن جائی کے خاندان کا ایسا فرد ہے جس سے دہائیوں سے رابطہ نہیں ہوسکا تھا۔
چِن جائی نے بتایا کہ Fei کے والد اور چِن کے دادا بھائی تھے اور Fei کے والد 1949 میں تائیوان بننے سے قبل تائیوان منتقل ہوگئے تھے۔
چِن جائی نے مذاق میں کہا کہ تو یہ ثابت ہوا کہ یہ بڑے بھائی درحقیقت میرے انکل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ‘میں نے اس دریافت کو اپنے خاندان سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اتفاقیہ طور پر میں نے خاندان کے مزید 20 افراد کو دریافت کرلیا ہے، وہ ایک جادوئی تجربہ تھا’۔
Fei کے والد اور چِن کے دادا دہائیوں سے ایک دوسرے سے رابطے میں نہیں تھے، البتہ 1991 میں تائیوان سے انہوں نے اپنے بھائی کو خط ضرور بھیجا تھا۔
چِن کے خاندان نے اس خط کو 3 دہائیوں سے زائد عرصے بعد بھی سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔
Fei کے والد اور چِن کے دادا کا انتقال کافی عرصے قبل ہوچکا ہے۔
Fei کے مطابق وہ بھی اس عجیب اتفاق پر دنگ رہ گئے ‘اس جھیل پر متعدد افراد موجود تھے مگر میں نے چِن جائی کو تصویر لینے کے لیے کہا، درحقیقت قسمت نے ہمیں ملایا’۔
وہ اب اپنے آبائی علاقے میں جاکر چِن جائی کے خاندان سے ملنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔



