انٹرنیشنل

ٹیسلا نے اسپیس ایکس راکٹ کی طرح لینڈ کرنے والی کار متعارف کرا دی

امریکی کمپنی ٹیسلا نے اپنی نئی الیکٹرک اسپورٹس کار روڈسٹر متعارف کرا دی ہے، جو نہ صرف غیر معمولی رفتار سے دوڑنے بلکہ ہوا میں اچھلنے، پلٹنے اور راکٹ جیسے تھرسٹرز کی مدد سے حرکت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے اشتراک سے تیار کی گئی اس گاڑی کی نمائش نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔ کمپنی نے اس کی پروڈکشن شروع کرنے کے لیے 2028 کا ہدف دیا ہے۔ یہ وہی گاڑی ہے جس کا نیا ماڈل پہلی بار تقریباً ایک دہائی قبل پیش کیا گیا تھا، تاہم اس کی تیاری اور لانچنگ کے وعدوں میں کئی مرتبہ توسیع ہوئی۔

بالاخر جمعرات کو امریکی ریاست ٹیکساس میں اسپیس ایکس کے ٹیسٹنگ مقام پر ہونے والی تقریب میں سفید رنگ کی دو نشستوں والی روڈسٹر کو پیش کردیا گیا ہے۔

ٹیسٹنگ کے دوران گاڑی نے ایک ریمپ پر الٹی سمت میں حرکت کی، پھر ہوا میں پلٹی اور نصب شدہ تھرسٹرز کی مدد سے نیچے اتری۔ تقریب کے دوران گاڑی کو ایک ٹرک اور دوسری گاڑیوں کے اوپر سے چھلانگ لگاتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

تھرسٹرز ایسے آلات ہوتے ہیں جو گیس یا ہوا کو تیزی سے خارج کرکے کسی چیز کو دھکا دیتے ہیں اور اس کی حرکت یا سمت تبدیل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اسپیس ایکس اپنے راکٹوں میں بھی اسی نوعیت کی ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے۔

تقریب کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ روڈسٹر کی رفتار اور کارکردگی اسے عام الیکٹرک گاڑیوں سے الگ بناتی ہے۔

ٹیسلا کے انجینئرنگ شعبے کے سربراہ لارز موروی نے بتایا کہ نئی روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں حاصل کر سکتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 370 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہو سکتی ہے, جبکہ ایلون مسک نے اس سے بھی زیادہ رفتار حاصل کرنے کی امید ظاہر کی اور کہا کہ گاڑی کی رفتار آواز کی رفتار کے نصف کے قریب پہنچ سکتی ہے۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی کار روڈسٹر ایک بار مکمل چارج ہونے پر 300 میل، یعنی تقریباً 480 کلومیٹر سے زیادہ سفر کر سکتی ہے۔

ٹیسلا نے نئی روڈسٹر کی مختلف اقسام کے لیے پیشگی رقم جمع کرانے کا نظام بھی متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کے ریزرویشن صفحے کے مطابق، پرفارمنس ورژن کے لیے 50 ہزار ڈالر جبکہ تھرسٹ ورژن کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر پیشگی جمع کرانے ہوں گے۔ تھرسٹ ورژن میں تیز رفتار حرکت کے لیے اضافی تھرسٹرز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ راکٹ نامی ایک خصوصی ماڈل بھی پیش کیا گیا ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ صرف دعوت نامے پر دستیاب ہوگا۔ اس ماڈل میں ایک نشست اور مکمل فلائٹ سسٹم دینے کا ذکر کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker