بائنانس کا سائبر حملے سے متاثرہ صارفین کے حوالے سے بڑا اعلان

کرپٹو کرنسی کے تجارتی پلیٹ فارم بائنانس نے سائبر حملے سے متاثرہ صارفین کے اثاثوں کی واپسی اور نقصانات کے ازالے کا عمل شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق بائنانس تمام صارفین کے فنڈز کی عوامی سطح پر تصدیق پروف آف ریزروز نظام کے ذریعے کرے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے ہونے والے نقصانات پورے کرنے کے لیے اپنے مالی وسائل سے 6 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد مختص کیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ ٹوکنز کی صورت میں 5 ارب ڈالر کے اثاثے پہلے ہی موجود ہیں۔
بائنانس کے مطابق کرپٹو انڈسٹری کے شراکت داروں کی مدد سے تقریباً 3 ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کیے جا چکے ہیں۔ ان اثاثوں کی بازیابی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ مختص کیے گئے 6 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد کے مالی وسائل میں منجمد یا محفوظ کیے گئے اثاثے شامل نہیں ہیں۔ ان اثاثوں کی بازیابی اور تصدیق کا عمل بھی جاری ہے۔



