انٹرنیشنل
لاکھوں مہمان، 500 باورچی، کئی کلومیٹرز تک ٹریفک جام؛ یہ شادی ہے یا میلہ؟

بھارتی ریاست بہار کے بااثر سیاست دان اور رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی میں لاکھوں افراد ان کے آبائی گاؤں نادوان پہنچ گئے۔ لوگوں کے غیر معمولی رش کے باعث سڑکوں پر تقریباً 10 کلومیٹر تک ٹریفک جام ہو گیا جب کہ شادی کی مرکزی تقریبات میں شامل ایونٹ کو بھی ملتوی کرنا پڑا۔
بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹو ڈے کے مطابق اننت سنگھ نے اپنی بیٹی شیوانگی کی شادی میں شرکت کے لیے سب کو شرکت کی کھلی دعوت دی تھی۔
اس دعوتِ عام کے نتیجے میں گاؤں کی جانب آنے والی مرکزی سڑک کے علاوہ اطراف کی سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت رک گئی۔
ٹریفک میں پھنسنے والوں میں عام لوگوں کے علاوہ دلہا بھی شامل تھا جسے بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچتے رات ہوگئی۔



