ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں
پاکستان کے دورے پر آئے ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی شریک تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار ، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔ایرانی وزیر خارجہ اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں عمان اور روس روانہ ہوجائیں گے۔



