منشیات فروش انمول عرف پنکی کا تذکرہ سینیٹ کمیٹی اجلاس تک جا پہنچا
اسلام آباد: سینیٹ کمیٹی اجلاس میں بھی گرفتار منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کا تذکرہ ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹر فیصل سلیم رحمان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر افسران لوگوں کی گاڑیاں پکڑکر خود استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں، یہ تو ایسا ہے کہ جیسے ایف بی آر شراب پکڑے اور پینا شروع کردے۔
کمیٹی چیئرمین سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ایف بی آر منشیات کی طرح گاڑیوں کو بھی پکڑ کر آگ لگا دے، ایف بی آر کے پاس تو بہت انمول چیزیں آتی ہیں، اب دیکھیں کل انمول عرف پنکی کا کیس بھی تو آیا۔
اجلاس میں شریک سینیٹر عابد شیر علی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز کا ادارہ پنجاب میں بڑا فعال ہے تو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کیوں غیرفعال ہے؟ جس پر طلال چوہدری نے کہا کہ اس کا جواب کسٹمز حکام دے سکتے ہیں کیونکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ایف بی آر نیلام کرتا ہے۔



