پاکستان

فیلڈ مارشل نے ایران امریکا رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں: وزیراعظم

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، ایران امریکا مذاکرات کے معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں پُروقاراستقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف کو چین کی مسلح افواج کے چاق چوبند دستوں کی طرف سے گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا عظیم دوست ملک چین کا دورہ کرنا میرے لیے ہمیشہ بے حد خوشی کا باعث ہوتاہے، جب بھی چین آتے ہیں ہمیں نئی تعمیرات اور عظیم ترقی دیکھنے کو ملتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہ ہم اس وقت تاریخ کے ایک نہایت اہم موڑ پر کھڑے ہیں، پاکستان اور چین اپنی شاندار دوستی اور سفارتی تعلقات کا 75واں سال منا رہے ہیں، پاکستان چین دوستی کی بنیاد ہمارے بانی رہنماؤں نے رکھی تھی، ہمارے بانیان نے دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد اور مستحکم عمارت قائم کی، اب ہم اس ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا ایک انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے، خلیجی خطے میں بحران موجود ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں مخلصانہ کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرابھی تہران سے واپس آئے ہیں، فیلڈ مارشل اس اہم دورے کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، فیلڈ مارشل رات بھر سفر میں رہے اور اس ملاقات میں شامل ہوئے ،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، فریقین کے درمیان معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ امن کے قیام اور جنگ بندی کیلئے پاکستان کی بھرپورکوششوں کی حمایت پر صدرشی جن پنگ اور چینی قیادت کا مشکور ہوں،ہم صدر شی جن پنگ کے 4 نکاتی ایجنڈے کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔

چینی وزیراعظم کا بیان
دوسری جانب اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا ہے اور علاقائی کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے، صدر شی جن پنگ کی آج وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ہوگی، یہ ملاقات دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنےکیلیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرےگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانےاور دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم، ہم آپ کے ساتھ عملی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت کیلئے بھی تیار ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker