آزاد کشمیر میں جاری بے چینی کشمیر کاز اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے: بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہےکہ آزاد کشمیر میں جاری بے چینی کشمیر کاز اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ صورتحال دشمن عناصر، بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کو اپنے مقاصد کے لیے فائدہ اٹھانے کا غیر ضروری موقع فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے احتجاج پر امن طور پر ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی شکایات اور اختلافات کا حل جمہوری، آئینی اور پر امن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن سے قبل از وقت جاری انتخابی شیڈول واپس لینے کا مطالبہ کر چکی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سیاسی حل کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں، زیر التوا شکایات کے ازالے کے لیےٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔
بلاول نے کہا کہ وفاقی حکومت سمیت تمام فریق متفق ہوں تو آزاد کشمیر حکومت احتجاج کرنے والی جماعتوں سے متعلق جاری نوٹیفکیشنز کا جائزہ لے سکتی ہے، پر عزم ہیں کہ جن افراد نے کوئی غلط کام نہیں کیا انہیں دوسروں کے اقدامات کے نتائج نہ بھگتنا پڑیں۔
ایران امریکا معاہدے کے امکانات پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ’اسلام آباد معاہدے‘ پر دستخط کا قریب آجانا تاریخی لمحہ ہے، عالمی توجہ مضبوطی سے پاکستان پر مرکوز ہے۔



