وزیراعظم کا محرم الحرام کے آغاز پر خصوصی پیغام

وزیراعظم شہبازشریف نے محرم الحرام کے آغاز پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہلیان وطن اور مسلم امہ کو نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز پر مبارک ہو،اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہیں کہ یہ نیا سال امن وخوشحالی کی نوید لے کر آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر دن دنیا بھر میں امن وسلامتی،رواداری اور تحفظ انسانیت کا ضامن ہو،اسلامی سال کا مبارک آغاز دنیا میں بڑے تنازع کے پرامن حل سے ہو رہا ہے،پاکستان کی قیام امن کیلئے پر خلوص کوششوں پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ افہام وتفہیم اور پرامن سفارتکاری ہی اسلامی اسلوب اور اسوہ حسنہ کی تعلیم ہے،نیا ہجری سال روایتی نسبت سے ہجرتِ نبویﷺکے عظیم الشان واقعے کی یاددہانی ہے،ہجرتِ نبویﷺکے نمایاں ثمرات میں مثالی معاشرت اور ریاست کی بنیاد ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہجرتِ نبوی ﷺ نے اخوت، ایثار،عدل وانصاف اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیا،محرم الحرام کا آغاز معرکہ کربلا کی بھی یاد دلاتا ہے،حضرت امام حسینؓ نے جانثار ساتھیوں سمیت جرأت سے قربانی کی تاریخ رقم کی۔
ان کا کہناتھا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ نئے سال کو پاکستان، عالمِ اسلام اور پوری دنیا کیلئے خوشحالی کا پیامبر بنائے۔آمین!



