سینیٹ نے کئی تجاویز سمیت بجٹ سفارشات منظور کر لیں

سینیٹ نے کئی تجاویز سمیت بجٹ سفارشات منظور کر لیں۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ سلیم مانڈوی والا نے بجٹ تجاویز سینیٹ میں پیش کی، سینیٹ نے تجویز کیا ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے، وفاقی ملازمین اور پنشنرز کے منجمد میڈیکل الاؤنس کو بحال کیا جائے، موٹر سائیکل پر پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور ایکسپورٹرز پر ایک فیصد فائنل ٹیکس رجیم بحال کیا جائے۔
سینیٹ نے تجویز کیا کہ انڈسٹریل بجلی اور گیس ٹیرف پر ریلیف دیا جائے، ٹیلی کام سروسز پر ایڈوانس ٹیکس 15 فیصد سےکم کر کے 8 فیصد کیا جائے، مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کم کرکے 15 فیصد کی جائے، سیلز ٹیکس ری فنڈ 72 گھنٹے میں ادا کیا جائے۔
آئی ٹی ایکسپورٹرز اور فری لانسرز کے لیے ٹیکس استثنا مزید 10سال کے لیے بڑھایا جائے، آئی ٹی اور آئی ٹی سروس پرووائیڈر کو ٹیکس استثنا سرٹیفیکٹ دیا جائے۔
سینیٹ نے تجویز کیا ہے سولر بیٹری امپورٹ پر 20 فیصد کسٹم ڈیوٹی اور 4 فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی عائد کی جائے ، یونیورسٹیوں کے لیے بجٹ 130 ارب کیا جائے اور سال 2030 تک یہ بجٹ 190 ارب تک بڑھایا جائے۔ سرکاری اسپتالوں، بنیادی صحت، اعلیٰ تعلیم کے فنڈ اور اسکالرشپ کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔
سینیٹ نے تجویز کیا کہ 3 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں، لگژری پراپرٹی اور غیر پیداواری اثاثوں پر ٹیکس بڑھایا جائے، ترقیاتی بجٹ منتخب مقامی حکومتوں کو براہ راست منتقل کرنےکا میکنزم بنایا جائے، وفاقی ترقیاتی بجٹ کی ایک فکسڈ شرح مقامی حکومتوں کو منتقل کی جائے، کم پراپرٹی ٹیکس صرف پہلی مرتبہ گھر خریدنے والےکے لیے رکھا جائے۔
سینیٹ نے تجویز کیا کہ فیملی پلانگ اشیاء کو سیلز ٹیکس استثنا دیا جائے، خوراک، اسکول کی اشیاء، ادویات، حفظان صحت کی اشیاء، بچوں کی اشیاء سے سیلز ٹیکس واپس لیا جائے، درآمد شدہ چاکلیٹ، ٹافی اور امپورٹڈ سافٹ ڈرنک، انرجی ڈرنکس، لگژری امپورٹڈ کاسمیٹکس، پرفیوم، مہنگی گھڑی، زیورات اور ڈیزائنر اشیاء مہنگے موبائل فونزپر ایف ای ڈی،کسٹم ڈیوٹی، ریگولیٹری اور ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھایا جائے۔
1800 سی سی سے زائد پاور کی امپورٹڈ لگژری گاڑیوں، ایس یو ویز پر بھی ایف ای ڈی، کسٹم ڈیوٹی، ریگولیٹری اور ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھایا جائے، نئی 1300 سی سی سے بڑی لگژری ایس یو وی ، ڈبل کیبن، پر ایڈوانس ٹیکس اور رجسٹریشن ٹیکس بڑھایا جائے۔ سیکنڈ ہینڈ گاڑیوں، پہلی بار گاڑی خریدنے والوں، مقامی اسمبلڈ چھوٹی گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس، رجسٹریشن چارجز اور ٹرانسفر چارجز کم کیے جائیں۔
سینیٹ نے تجویز کیاکہ کینسر ، دل، گردے، ذیابیطس، تھلیسیما، یرقان کی ادویات بھی کسٹم ڈیوٹی استثنا دیا جائے، ڈرپ، سپرنکلر زرعی نظام ، سولر پاور زرعی سامان کو سیلز ٹیکس اور کسٹم استثنا دیا جائے، ڈیجیٹل مواد پر کم آمدن حاصل کرنے والوں کو ٹیکس استثنا دیا جائے۔



