لاہور: بیوی، ساس، سسر اور سالے کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے خودکشی کر لی

لاہور کے تھانہ چونگ کی حدود میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس میں نوجوان نے پہلے اپنی بیوی، ساس، سسر اور سالے کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور پھر اسی رائفل سے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق واقعہ چوہنگ کے علاقے برکت کالونی میں صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا جس کی ایف آئی آر حملے میں بچ جانے والے محمد عرفان کی مدعیت میں درج کی گئی۔
مدعی نے پولیس کو دی گئی درخواست میں لکھا کہ منگل کی صبح وہ اپنے گھر میں بچوں کو سپارہ پڑھا رہا تھا کہ اچانک ملزم عمران رائفل اور پسٹل اٹھائے ان کے گھر میں داخل ہوا اور آتے ہی بلند آواز میں کہا آج میری بیوی کو ساتھ نہ بھیجنے کا مزہ چکھاؤں گا۔
اس کے ساتھ ہی اس نے میری والدہ شمائلہ بی بی، میرا بھائی ذیشان، میرے والد علی خاں، میری بہن سمیعہ بی بی کو جان سے مارنے کی نیت سے سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس سے چاروں خون میں لت پت ہو کر زمین پر گر پڑے۔
مدعی کے بقول اس نے بڑی مشکل سے جان بچائی، اسی دوران ملزم نے اپنے ہی اسلحہ سے خود کو “شدید فائر مارا اور زمین پر گر پڑا”۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ زخمی تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی فوت ہو چکے تھے جبکہ مدعی کی والدہ مضروب تھیں جن کو بذریعہ 1122 ریسکیو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
مدعی کے بقول ملزم عمران بھی موقع پر انتقال کر گیا۔ اس نے الزام لگایا کہ قتل کی یہ واردات ملزم عمران نے اپنے والد اور تین بھائیوں کے باہم مشورے پر کی۔
پولیس کے مطابق پسند کی شادی کے تنازعہ پر فائرنگ ہوئی، ملزم کے خلاف لڑکی کے اہلخانہ نے مقدمہ درج کروا رکھا تھا جس میں لڑکی نے ملزم کے خلاف بیان دیئے تھے، لڑکی کے بیانات کے بعد ملزم کو ایک ماہ جیل رہنا پڑا، ملزم کو بیوی کی جانب سے مخالف بیان دینے کا رنج تھا لہذا جب وہ ضمانت پر رہا ہو کر آیا تو سسرال میں جا کر فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن واقعہ میں سزائے موت پانے والے تین ملزمان بری کر دیا
مدعی عرفان نے بھی وجہ عناد بتاتے ہوئے درخواست میں لکھا کہ کچھ عرصہ قبل اس کی بہن سمیعہ بی بی نے ملزم عمران و دیگر کے خلاف تھانہ سندر میں اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا، ملزمان کو اس بات کا رنج تھا جس کی وجہ سے ملزمان نے ایک نامعلوم شخص کے ساتھ مل کر میرے والد، والدہ، بہن اور بھائی کو ناحق قتل کر کے سخت زیادتی کی ہے۔



