وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی کی منظوری دے دی، تاہم پالیسی پر عملدرآمد سے قبل اسے آئی ایم ایف اور وفاقی کابینہ سے منظوری کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔
پالیسی ڈرافٹ کے مطابق نئی آٹو پالیسی 2026 سے 2031 تک نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی تجاویز شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق 1800 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس میں 5 سال کے دوران 20 فیصد کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
1801 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تیاری ہے۔
اسی طرح 1501 سے 1800 سی سی ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
851 سے 1000 سی سی اور 800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر بھی ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
پالیسی ڈرافٹ میں ہائبرڈ ٹرک پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ہائبرڈ لائٹ کمرشل گاڑیوں پر ڈیوٹی 60 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح ہائبرڈ بسوں پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی تیاری ہے۔
نئی آٹو پالیسی میں مجموعی طور پر ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد پالیسی کو پہلے آئی ایم ایف سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔



