ڈی آئی خان: شادی کی تقریب میں گولیاں چل گئیں، 6 افراد جاں بحق

تھانہ یونیورسٹی کی حدود گاؤں ملانہ میں گرلز اسکول کے قریب شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ضیاء الدین احمد نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ دیرینہ ذاتی اور سیاسی رنجش کا شاخسانہ ہے، شادی کی تقریب کے سلسلے میں منعقدہ والی بال میچ کے بعد دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں محمد شفیق ولد بشیر احمد، محمد اجمل ولد ہدایت اللہ، قدرت اللہ ولد سمیع اللہ، عمر فاروق ولد غلام فاروق اور ارسلان ولد غلام جیلانی سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں شادی کی تاریخ نہ دینے پر منگیتر کی فائرنگ سے لڑکی جاں بحق
فائرنگ سے سعد اللہ ولد کفایت اللہ، قیصر اور فضل ولد الطاف سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ قیصر اور فضل آپس میں بھائی ہیں۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ فائرنگ کے محرکات اور ملزمان کی گرفتاری کیلیے کارروائی جاری ہے۔



