سڈنی میراتھون میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز ایکشن میں ہوں گے
دنیا کی بڑی میراتھونز میں شامل سڈنی میراتھون کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد رنرز شرکت کریں گے۔

اس دوڑ میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی ایکشن میں ہوں گے، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔
پاکستانی دستے میں کراچی، اسلام آباد اور آسٹریلیا سمیت امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب میں مقیم رنرز شامل ہیں۔ پاکستان سے 12 رنرز سڈنی میراتھون میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔
کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الہیٰ، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک میراتھون میں شرکت کریں گے۔
خواتین رنرز میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔
دیگر پاکستانی رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔
جیو نیوز کے ڈپٹی اسپورٹس ایڈیٹر فیضان لاکھانی بھی سڈنی میراتھون کی اسٹارٹ لسٹ میں شامل ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے دانش الہیٰ سڈنی میراتھون میں منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دانش الہیٰ کا کہنا ہے کہ وہ میراتھون میں شلوار قمیض پہن کر دوڑیں گے تاکہ پاکستان کا ایک نرم اور مثبت تاثر اجاگر کرنے کے ساتھ اپنے ملک کے بارے میں آگاہی پیدا کی جاسکے۔
دانش الہیٰ کے مطابق سڈنی میراتھون ان کی ساتویں میراتھون ہے اور وہ اس موقع کے لیے انتہائی پرجوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سڈنی دوڑنے کے لیے بہترین شہر ہے۔
42.195 کلومیٹر طویل میراتھون نارتھ سڈنی سے شروع ہوگی اور رنرز سڈنی ہاربر برج، دی راکس، بارنگارو، ڈارلنگ ہاربر اور دیگر اہم مقامات سے گزرتے ہوئے سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب فنش لائن عبور کریں گے۔
سڈنی میراتھون 2025 میں ایبٹ ورلڈ میراتھون میجرز کا حصہ بنی تھی، جبکہ 2026 میں کیپ ٹاؤن کے شامل ہونے کے بعد ورلڈ میراتھون میجرز کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔
سابق برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نتھاوریاناکس بھی سڈنی میراتھون میں شرکت کریں گے، گو کہ وہ پاکستانی دستے کا باضابطہ حصہ نہیں ہیں لیکن ان کا مقصد پاکستان سے جڑا ہے۔ وہ میراتھون کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں۔
مائیک نتھاوریاناکس نے 2026 میں 6 میراتھونز کے ذریعے ایک ملین امریکی ڈالر فنڈز اکٹھے کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ سڈنی میراتھون ان کی چھ میراتھونز کی مہم کی تیسری ریس ہوگی۔



