نگران وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ہارڈشپ کیٹگری کے تحت عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت قومی صحت اور ڈریپ کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ڈریپ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے شہری مارکیٹ میں ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات درج کروا سکتے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ حکومت ایسی پالیسیز مرتب کررہی ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہو اور فارماسیوٹیکل کی صنعت بھی ترقی کرے ،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں۔



