بھارت میں نوجوان کو کوہلی اور اے بی ڈیویلیئرز سمیت دیگر کرکٹرز کی کالز موصول، ایسا کیوں ہوا؟

بھارت میں ایک نوجوان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے لیجنڈ کرکٹرز کی کالز موصول ہورہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے نوجوان کو رائل چیلنجرز بنگلور ( آر سی بی) کے کپتان کا پرانا نمبر مل گیا جس پر ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز کی کالز آرہی ہیں۔
نوجوان کے لیے ایک حیرت انگیز واقعہ بالی وڈ فلم کے اسکرپٹ جیسا معلوم ہوا جب اس نے قریبی اسٹور سے نیا سم کارڈ خریدا۔
رپورٹ کے مطابق 21 سالہ منیش نئی سم خریدنے کے بعد جب واٹس ایپ سیٹ کررہا تھا تو اس کے دوست نے نوٹ کیا کہ پروفائل تصویر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان رجت پٹندر کی ہے لیکن اس نے اس پر زیادہ توجہ نہ دی۔
کچھ ہی دنوں بعد منیش کو مسلسل کالز آنے لگیں جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دوسری طرف ویرات کوہلی، اے بی ڈی ویلیئرز، یش دیال اور دیگر آر سی بی کھلاڑی ہیں تو بھی منیش نے زیادہ توجہ نہیں دی اور دوستوں کا مذاق سمجھ کر اسے نظرانداز کردیا، یہ سلسلہ تقریباً دو ہفتے تک چلتا رہا۔
بعد ازاں آر سی بی کپتان رجت کو احساس ہوا کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی کھو چکے ہیں جس پر انہوں نے مدھیہ پردیش سائبر سیل میں شکایت درج کروائی۔
تفتیش میں پتا چلا کہ کمپنی پالیسی کے تحت 6 ماہ سے غیر فعال نمبرز کو نئے صارفین کو دے دیا جاتا ہے اور یہی نمبر منیش کو الاٹ کیا گیا تھا، بعد میں پولیس نے یہ نمبر واپس رجت کو دے دیا۔



