سیلاب کی تباہ کاریاں: برطانیہ نے ایمرجنسی ریلیف کیلئے 30 لاکھ پاؤنڈ فراہم کردیے

برطانیہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی ریلیف اور ریپانس کے لیے 3 ملین پاؤنڈ فراہم کردیے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نےملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اعلیٰ سطح کے دوروں کی اہمیت، علاقائی اور عالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں سیلاب اور بارشوں کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق برطانیہ کی جانب سے ایمرجنسی ریلیف اور رسپانس کے لیے 3 ملین پاؤنڈزفراہم کیے گئے ہیں جب کہ برطانیہ کی جانب سے مزید امداد بھی دی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کی امداد حکومت اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے، اسحاق ڈار نے برطانیہ کی بروقت امداد اور یکجہتی پر اظہار تشکر کیا۔
واضح رہے اس سے قبل کینیڈا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 26 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔



