
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر نے مخالف ٹیم کے بولرز کا بھرکس نکال دیا اور ون ڈے میچ میں چھکوں کی بارش کرتے ہوئے ٹرپل سنچری بناکر نئی تاریخ رقم کر دی۔
آسٹریلوی کرکٹر ہر جس سنگھ نے ہفتے کو 50 اوورز کے گریڈ کرکٹ میچ میں شاندار اننگز کھیلی۔
20 سالہ ہر جس سنگھ نے ویسٹرن سبربز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی کرکٹ کلب کے خلاف پیٹن پارک میں 35 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 141 گیندوں پر 314 رنز کی ناقابل شکست ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔
ہر جس سنگھ کی شاندار اننگز کی بدولت ویسٹرن سبربز نے 50 اوور میں 5 وکٹوں پر 483 رنز بنائے۔
ہر جس سنگھ محدود اوورز کی گریڈ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
484 رنز کے ہدف کے جواب میں سڈنی کرکٹ کلب 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 287 رنز بنا سکا۔
واضح رہے کہ ہر جس سنگھ نے 2024 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی اور بھارت کے خلاف فائنل میں 64 گیندوں پر 55 رنز بناکر سب کی توجہ حاصل کی تھی۔



