بنوں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی دو محافظ پولیس اہلکاروں سمیت شہید ۔

بنوں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ ۔
٭ اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی دو محافظ پولیس اہلکاروں سمیت شہید ۔
٭ شہدا ءکی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ بنوں کینٹ میں ادا کر دی گئی۔
٭ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی پی خیبرپختونخواذوالفقار حمید کی شرکت، شہداءکے ایصال ثواب اور ملک عزیز کی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً 10 بجے بنوں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی اپنے محافظ سکواڈ کے ہمراہ میران شاہ سے پشاور ہائیکورٹ برانچ بنوں آ رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگا ئے دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان، کانسٹیبل سید رحمان، کانسٹیبل خیرالرحمان اور ایک راہگیر شہید جبکہ دو کانسٹیبلان زخمی ہوئے۔
شہداءکی نمازجنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ بنوں کینٹ میں ادا کر دی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان، کمشنر بنوں خالد محمود، جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل عادل افتخار، بریگیڈیئر عمیر خان نیازی، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈی پی او نارتھ وزیرستان سجاد حسین، ڈپٹی کمشنر محمد فہیم خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد سمیت دیگر سول و عسکری حکام نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔شہداءکے تابوت کو سلامی پیش کی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا نے شہداءکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءنے کارسرکار کی ادائیگی کے دوران ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو بہت جلد کیفرکردار تک پہنچا کر ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بنوں ریجن میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کی جائیں گی اور عوام کے تعاون سے امن کے دشمنوں کا ہر حال میں ہر قیمت پر قلع قمع کیا جائے گا۔



