
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے 15 سال سے نیب کو مطلوب اشتہاری ملزم کو ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کامران احمد خان کے خلاف 2010 میں نیب کراچی میں ریفرنس درج ہوا تھا اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم یو اے ای فرار ہوگیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کامران یوگنڈا سے کراچی ائیرپورٹ پہنچا تھا اور اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مالٹا کا پاسپورٹ اور ریزیڈنٹ کارڈ استعمال کیا، اس نے ایجنٹ کی مدد سے 6 ہزار امریکی ڈالرکے عوض مالٹا کا پاسپورٹ اورریزیڈنٹ کارڈ بنوایا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا پاسپورٹ اور ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا کیونکہ سفری ریکارڈ کے مطابق ملزم نے کبھی بھی مالٹا کا سفر نہیں کیا تھا۔



