عالمی مارکیٹ میں سونے کے قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگئی ہے، سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر2 لاکھ 34 ہزار 500 روپے ہوگئی۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایک تولہ سونے کے بھاؤ میں ایک ہزار700 روپے کمی ہوگئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کا بھاؤ دو لاکھ 34 ہزار 500 روپے ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1457 روپے کمی ہوگئی ہے، جس کے ساتھ دس گرام سونے کے نرخ کم ہوکر ایک لاکھ ایک ہزار 46 روپے ہوگئے ہیں۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونا ایک ڈالر کمی کے ساتھ 1945 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے۔ نیوزایجنسی کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا کہ دس ماہ کے دوران غیرملکی کمپنیز کا منافع میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کمی ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال دس ماہ کے دوران غیر ملکی کمپنیز کا منافع 83 فیصد کم ہوگیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق غیرملکی کمپنیز نے گزشتہ مالی سال دس ماہ میں ایک ارب 46 کروڑ ڈالر کا منافع اپنے ممالک میں ترسیل کیا تھا، تاہم جولائی 2022 سے اپریل 2023 کے دوران غیر ملکی کمپنیز نے 25 کروڑ 34 لاکھ ڈالر کا منافع اپنے ملکوں میں ترسیل کیا، اس طرح دس ماہ کے دوران منافع میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کمی ہوئی۔
دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح بھارت اور ترکی سے کم ہے۔اعداد وشمار کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے باوجود پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد رہی۔ ملک بیروزگاری کے لحاظ سے عالمی درجہ بندی میں 16 ویں نمبر پر تھا۔ ماہرین کے مطابق بدلتے ہوئے معاشی حالات کے ساتھ شرح میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے۔ جب معیشت خراب حالت میں ہو اور ملازمتیں نایاب ہوں تو بے روزگاری کی شرح میں اضافے کی توقع کی جا سکتی ہے۔



