واٹس ایپ میں رائٹنگ ہیلپ فیچر متعارف، استعمال کا طریقہ بھی جانیں

واٹس ایپ نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
رائٹنگ ہیلپ نامی اس فیچر کا مقصد صارفین کو پروف ریڈ، جملے لکھنے یا چیٹ ٹون کو ایڈجسٹ کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یہ اے آئی ٹول میٹا کی پرائیویٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے تاکہ میٹا یا واٹس ایپ اوریجنل میسجز یا تجویز کردہ جملوں تک رسائی نہ حاصل کرسکیں۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ میں اس نئے ٹول کو استعمال کرنے کے باوجود آپ کے میسجز بدستور پرائیویٹ رہیں گے۔
رائٹ ہیلپ فیچر سے صارفین اپنے میسجز کے مختلف اسٹائلز میں متبادل ورژن تیار کرسکیں گے۔
مثال کے طور پر پروفیشنل، مزاح یا سادہ انداز کے جملے اے آئی ٹول کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔
میٹا نے بتایا کہ اس ٹول کا مقصد میسجنگ کو زیادہ پراثر بنانا ہے۔
بنیادی طور پر میٹا کی خواہش ہے کہ واٹس ایپ کے صارفین پلیٹ فارم کے اندر ہی رہیں اور دیگر اے آئی ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی سے لکھنے میں معاونت حاصل نہ کریں۔
یہ فیچر فی الحال چند ممالک میں متعارف کرایا جا رہا ہے اور بتدریج یہ دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
فیچر کو کیسے استعمال کریں؟
اس فیچر کو استعمال کرنا زیادہ مشکل نہیں۔
اگر آپ کو یہ فیچر دستیاب ہو تو کسی چیٹ میں میسج تحریر کرنے کے بعد بائیں جانب ایموجیز والے آپشن پر کلک کریں۔
نیچے ایموجیز، جی آئی ایف، اواتار اور اسٹیکرز کے ساتھ ایک نیا پینسل آئیکون نظر آئے گا۔
اس آئیکون پر کلک کرکے آپ رائٹنگ ہیلپ کو اپنی خواہش کے مطابق استعمال کرسکیں گے۔



