پاکستان

پنجاب حکومت کا لاہور میں ایک بار پھر بسنت منانے کا اعلان

لاہور میں ایک بار پھر بسنت کے رنگ بکھرنے والے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں آئندہ سال 2027 میں بسنت مارچ کے دوسرے ہفتے میں منانے کا اعلان کردیا ہے۔

منگل کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت 2027 کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کیا۔ ان کے مطابق لاہور میں بسنت کا تہوار 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو زرق برق رنگوں کے ساتھ منایا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2026 میں بسنت کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس کی کامیابی کی وجہ سے بسنت 2027 کے جشن کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ خوشیاں اور جشن عوام کے لیے ہیں، آگے بڑھیں، یادیں بنائیں اور لاہور کو ایک بار پھر روشن کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ایک بار پھر بسنت کے رنگوں سے رنگ جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی مہمانوں کو بھی بسنت کی تاریخوں میں لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور مہمان ان تاریخوں کو محفوظ کرلیں، مجھے، لاہور اور پاکستان کو آپ کا انتظار رہے گا۔

مریم نواز نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ بسنت 2027 کو بھی بھرپور کامیاب بنائیں گے۔

یاد رہے کہ لاہور میں تقریباً 20 سال بعد فروری 2026 میں بسنت کا تہوار دوبارہ منایا گیا تھا، پنجاب حکومت نے حفاظتی اقدامات اور ضوابط کے تحت 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت کی اجازت دی تھی۔

پتنگ بازی کے دوران خطرناک ڈور سے ہونے والے حادثات کے باعث پنجاب میں طویل عرصے سے بسنت اور پتنگ بازی پر پابندی عائد تھی۔ 2026 میں حکومت نے سخت حفاظتی اقدامات اور مخصوص قوانین کے تحت تہوار بحال کیا تھا۔

بسنت کے دوران خطرناک اور دھاتی ڈور پر پابندی سمیت پتنگوں اور ڈور کی تیاری، فروخت اور استعمال کو ضوابط سے مشروط کیا گیا تھا جب کہ حکومت کے مطابق بسنت 2026 کے کامیاب انعقاد کے بعد اب 2027 میں بھی لاہور میں بسنت منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker