بلوچستان اسمبلی میں گیس کے مسئلے پرایک بار پھر بحث، اسپیکر نے جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرلیا

بلوچستان اسمبلی میں سرکاری کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے نقطہ اعتراض پر صوبے میں ڈویژن اور اضلاع بنانے سے پیدا شدہ مسائل اور صوبے میں سوئی اور بجلی کابحران زیر بحث رہا ،اسپیکر نے سینئر ممبر بورڈآاف ریونیو اور جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو آئندہ ہفتے چیمبر میں طلب کرلیا ، سبی سے 14سالہ لڑکی کے اغوا کے معاملے پر حکومتی رکن اسمبلی اشوک کما رایوان سے واک آوٹ کرگئے ۔بلوچستان اسمبلی کااجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقدہوا ،اجلاس میں رکن اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے ایوان کی توجہ نئے بنائے جانے والے پشین ڈویژ ن کے ہیڈکواٹر کی جانب دلائی کہ اسکا ہیڈکواٹر سرانان طے ہوا تھا جسے اب تبدیل کرکے پشین سٹی کردیا گیا ہے جس پر رکن اسمبلی اصغر ترین کا کہنا تھا کہ زمرک خان پچھلے ادوار میں وزیر رہے مگر انہوں نے نئے ڈویژن اور اضلاع نہیں بنوائے ،اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر مالک بلوچ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اضلاع دوگنا کردیں مگربتائیں اس کےلئے پیسے کہاں سے لائیں گے؟جیب میں پیسے نہیں ہیں اور چلے ہیں اضلاع بنانے کےلئے، اسپیکر اسمبلی نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو آئندہ ہفتے اپنے چیمبر میں طلب کرلیا۔پارلیمانی سیکرٹری صمد گورگیج نے ایوان کی توجہ صوبے میں سوئی گیس اور بجلی کے بحران کی جانب دلائی جس پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین یک زبان ہوگئے اراکین کا کہنا تھا کہ ایک طرف صوبے کو سوئی گیس نے مل رہی ہے تو دوسری طرف لاکھوں روپے کا بل آرہے ہیں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے آئندہ ہفتے سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کو کوئٹہ بلایا ہے اس اجلاس میں تمام اراکین کو بلایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نور محمد دومڑ زیارت بلوچستان کا سب سے سرد علاقہ ہے ، زیارت کو پوری طرح سوئی گیس نہیں مل رہی ہے اسپیکراسمبلی نے سوئی گیس کے مسئلے پر جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرلیا،محکمہ کھیل سے متعلق سوالات محرک کی درخواست پر موخر کردئیے گئے ۔رکن اسمبلی سنجے کمار نے کہا کہ سبی سے اغواہونے والی بچی کا 25دن سے کوئی پتہ نہیں ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ بچی کو بازیاب کراکے عدالت میں پیش کیا جائے۔رکن اسمبلی اشوک کمار نے کہا کہ ہم حکومتی بینچ پر بیٹھے ہیں مگر ہمیں کچھ نہیں بتایا جارہا ہے جس کے بعد ڈاکٹر اشوک کمار ایوان سے واک آوٹ کرگئے ۔اسپیکربلوچستان اسمبلی نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 13 نومبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا



