
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس دوران مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی جبکہ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس میں اضافے کی منظوری بھی دی۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کےکھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
بورڈ آف گورنرز نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی جبکہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں 12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنےاور نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر انفرا اسٹرکچرکی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70کروڑ روپےکی منظوری دی گئی جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔



